Hot Posts

بائیوفلاک ٹیکنالوجی


 

بائیو فلاک Biofloc

پاکستان میں بائیو فلاک ٹیکنالوجی پر پچھلے دو سالوں سے کام ہو رہا ہے ۔۔۔۔ اور اب لوگ کامیابی سے ہمکنار ہو سکے ہیں ۔۔۔

اکثر کی تعداد بائیؤ فلاک سے متعلق معلومات کے فقدان کے باعث ناکام ہوئے ۔۔۔ لیکن الحمدللہ کچھ ساتھی ایسے ضرور ہیں جنہوں نے فلاک جب شروع کیا تو ہر قدم پر مشاورت بھی کی اور اپنے تجربات سے آ گاہ بھی کیا ۔۔۔ اس ضمن میں شاہزیب جو کراچی کے فارمر ہیں ان کا زکر نا کرنا زیادتی ہو گی ۔۔۔۔ بہت فراخدلی کے ساتھ اور بہت توجہ اور لگن سے انہوں نے اس کام کو کامیابی سے ہمکنار کیا ہے ۔۔۔ اور میں نے خود ان کے پاس تلاپیہ کو 600 سے 700 گرام کا ہوتے دیکھا ہے ۔۔۔۔ تو اب وثوق سے کہا جا سکتا ہے کہ یہ کام فارمرز کو کرنا چاہیے ۔۔۔۔ ڈیری فارمنگ میں بھی جو افراد ہیں وہ اپنے فارم کی چھت پر یا پھر کھلے ایریا میں دس پندرہ ٹینک بنا کر یہ فارمنگ ضرور کریں تاکہ جب ان کو نئے جانوروں کی خریداری کرنی ہو تو وہ بائیو فلاک سے آنے والی اضافی آمدنی سے جانور خرید سکیں ۔۔۔۔

بائیو فلاک میں اب تک تین قسم کی مندرجہ ذیل مچھلیاں کامیاب ہیں 

Pangasius

Tilapia

Clarias

اس لئے نئے آنے والے فارمرز کو چاہیے کہ بائیو فلاک کا آغاز مندرجہ بالا مچھلیوں سے کریں اور جب ایک فلاک کامیابی سے حاصل کر لیں تو مزید تجربات کریں ۔۔۔۔

لوگ عموماً لوہے کا جال لگا کر اس کے کناروں پر ٹاٹ باندھ کر اندر کی طرف تارپولین بچھا کر بارہ فٹ قطر کے ٹینک تعمیر کرتے ہیں جن کی گنجائش تین فٹ پانی کے ساتھ دس ہزار لیٹر کی ہوتی ہے ۔۔۔۔۔ دس ہزار لیٹر میں آپ اگر 500 گرام وزن کی مچھلیاں تیار کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو چاہئے کہ 500 مچھلیاں پالیں ۔۔۔ جو عموماً ایک ایکڑ کے تالاب میں پالی جاتی ہیں ۔۔۔۔ لیکن اس سسٹم میں آپ ہیلتھی بیکٹیریا کی کالونی بنا کر اس میں مچھلیاں پالتے ہیں جو مچھلیوں کے فضلے اور ضایع ہونے والی خوراک کو کھا جاتا ہے اور مچھلیوں کی لحمیات کی ضرورت کو بھی پورا کرتا رہتا ہے ۔۔۔۔ عموماً یہ تیس فیصد خوراک پیدا کرتا ہے اور پانی کو بھی صاف یا صحت مند رکھتا ہے ۔۔۔۔

اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تالاب گول ہی کیوں بنائے جائیں چوکور یا بیضوی کیوں نہیں بنائے جائیں ۔۔۔ بائیو فلاک میں چھ سات سو گرام کی مچھلیاں اگر تیار کی جائیں تو آپ کو پانی کی سرکولیشن یعنی پانی کو گھمانے کی ضرورت نہیں پڑتی تو آپ چھ سو گرام وزن تک کی مچھلیوں کے لئے چوکور ٹینک بھی بنا سکتے ہیں ۔۔۔ اس سے اوپر اگر وزن حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر آپ گول ٹینک بنائیں اور پانی کو گھمانے کے لیے موٹر ٹینک میں نصب کر دیں ۔۔۔۔۔

ائیریش اس میں 24 گھنٹے چاہیے ہوتی ہے ۔۔۔ اس لئے بہتر ہے کہ آپ AliExpress سے ڈی سی پمپ امپورٹ کر لیں جو آپ پاکستان میں پہنچ کر 15000 کے پڑیں گے وہ بہت کم ڈی سی جارج پر کام کرتے ہیں اور 24 گھنٹے باآسانی چلائے جا سکتے ہیں ایک دس ہزار لیٹر کے ٹینک کی ضرورت ایک پمپ پوری کر لیتا ہے ۔۔۔۔ باقی مارکیٹ میں اچھے ائیر بلورز بھی موجود ہیں جو ایک وقت میں کئی ٹینک چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔۔۔۔۔ لیکن بلورز تین تا ساڑھے تین فٹ کی گہرائی میں کام کرتے اس سے زیادہ گہرے پانی میں ان کا پریشر ختم ہوجاتا ہے ۔۔۔ وہاں کمپریسر یا ڈائیافرام والے کمپریسر استعمال کرنے چاہیے ہیں۔۔۔

اس بائیو فلاک ٹینک میں جو ائیر ڈفیوزرز استعمال ہوتے ہیں وہ کوشش کریں کہ امپورٹڈ اچھی کوالٹی کے استعمال کریں جو بہت باریک ببلز یا بلبلے پانی میں چھوڑیں جتنے باریک بلبلے ڈیفیوزر پانی میں پیدا کرے گا اتنا اچھا ڈزولو آکسیجن یا پانی میں محلول یا حل شدہ آکسیجن آپ کے بیکٹیریا کو حاصل ہوگی ۔۔۔ یہاں اس بات کی بھی وضاحت ضروری ہے کہ ائیریشن سسٹم بیکٹیریا کے لئے لگایا جاتا ہے ناکہ مچھلیوں کے لئے ۔۔۔ کیونکہ مچھلیوں کی کئی اقسام ایسی ہیں جو منہ سے سانس لینے کی صلاحیت رکھتی ہیں تو ان کو تو ہم بغیر آکسیجن کے بھی رکھ سکتے ہیں جیسا کہ کلاریس یا پھول والی سول مچھلیاں لیکن بائیو فلاک میں رکھیں گے تو ان کو بھی ائیریشن سسٹم لگا کر ہی رکھیں گے ۔۔۔۔ محلول شدہ آکسیجن 7 ppm یعنی part per million کی مقدار میں ہونی چاہیئے اس سے زیادہ اگر ہو گی تو مچھلیاں تیرنے کی صلاحیت سے محروم ہو جائیں گی ۔۔۔۔ ضروری ہے کہ 5 ppm سے لے کر 7ppm تک محلول شدہ آکسیجن کو یقینی بنایا جائے ۔۔۔۔

اب آ جائیں پانی کو کیسے تیار کیا جائے جس میں بیکٹیریا کی کالونی بہترین طریقہ سے استعمال کی جاسکے ۔۔۔۔۔ 

بنیادی طور پر پانی کی تیاری کے وقت مندرجہ ذیل چار چیزوں کو استعمال کیا جاتا ہے۔۔۔ 

1) چونا (ماربل کا ہو زیادہ بہتر ہے) 

2) نمک (جس میں آئیوڈین نا ہو)

3) پروبائیوٹک (ہیلتھی بیکٹیریا)

4) مولیسز (شیرہ یا راب-- گڑھ بھی ڈال سکتے ہیں)

1000 لیٹر پانی میں ۔۔۔۔

1400 گرام چونا

1700 گرام نمک 

140 ایم ایل پروبائیوثک 

170 ایم ایل شیرہ یا راب یا پھر گڑھ

بائیو فلاک میں ابھی تک جو لوگ استعمال کر رہے ہیں وہ امپورٹڈ پروبائیوٹک probiotic ہے جو سفید پاؤڈر کی شکل میں دستیاب ہے سو گرام کی پیکنگ میں مل جاتا ہے جو لوگ پانچ تا چھ ہزار کا حاصل کر رہے ہیں ۔۔۔۔ میں اس ضمن میں کاربوہائیڈریٹ اور اینزائمز کو تیار کرنے کے مختلف طریقوں پر تفصیلی نوٹ پہلے بھی تحریر کر چکا ہوں اس سے حاصل ہونے والے بیکٹیریا سے بھی آپ اپنا بائیو فلاک تیار کر سکتے ہیں ۔۔۔۔ ہیلتھی بیکٹیریا کی کالونی کو ہی اصل میں بائیو فلاک کہا جاتا ہے ۔۔۔۔

سو گرام پروبائیوٹک کو آپ پندرہ لیٹر پانی میں حل کر دیں اور اس میں شیرہ یا راب دو سو ایم ایل ڈال کر ائیر سیلڈ کر کے رکھ دیں تو آپ کے بیکٹیریا کی افزائش کا عمل بارہ دن میں مکمل ہو جاتا پھر آپ تیس لیٹر کے کین میں مزید ایک لیٹر شیرہ یا راب ڈال کر اس کے پانی کو 27-28 لیٹر کر دیں تو اگلے 12 تا 14 دنوں میں آپ کا بیکٹیریا تیار ہو جاتا ہے اس میں سے آدھا ڈرم آپ اپنے دس ہزار لیٹر کے ٹینک میں ڈال دیں ساتھ میں آپ چودہ کلوگرام چونا، سترہ کلوگرام نمک، ڈیڑھ لیٹر شیرہ یا گڑھ اور باقی آپ نے بیکٹیریا پانی میں تیار کیا ہے تو وہ ڈال لیں وگرنہ سو گرام والے بارہ پیکٹ ڈال کر ائیریشن سسٹم چلا کر چھوڑ دیں بیکٹیریا کی کالونی دس تا بارہ دن میں بالکل تیار ہو جائے گی جس میں آپ کو پانی کی سطح پر جھاگ نظر آئے گی پانی کا رنگ گدلا ہو جائے گا ۔۔۔۔ 

اب آپ اس ٹینک میں تین انچ سائز مچھلی کا بچہ شفٹ کر دیں ۔۔۔۔

خوراک شروع کے دنوں میں عموماً کرمبلز خوراک دی جاتی ہے جس کا پروٹین لیول 35 فیصد ہونا چاہیئے ۔۔ اور دو ماہ کے بعد جب مچھلیاں دوسو گرام وزن کی ہو جائیں تو 21 فیصد پروٹین کی خوراک استعمال کرنی چاہیے، تاکہ لاگت یا کاسٹ آف پروڈکشن بہتر ہو سکے ۔۔۔۔

بازار میں موجود فلوٹنگ فیڈ بہت زیادہ مہنگی ہے اور فارمرز کے منافع کا بڑا حصہ فیڈ کی مد میں نکل جاتا ہے اس لئے بہتر ہے کہ اپنی فیڈ آپ خود تیار کر لیں ۔۔۔۔

50 فیصد رائس پالش

25 فیصد سویابین میل 

15 فیصد میز گلوٹن

10 فیصد فش میل

ہر سو کلو گرام فیڈ میں 5 تا 7 لیٹر شیرہ شامل کر دیں ۔۔

ہر سو کلو گرام فیڈ میں سو گرام منرل مکسچر شامل کریں۔

مندرجہ بالا اشیاء کو ضروری ہے کہ فائن پاؤڈر بنا لیں اور ہلکا پانی کا چھٹا مار کر قیمے والی مشین سے نکال کر اس کی سویاں بنا لیں ۔۔۔۔۔ اس پر ڈالڈا یا کوئی بھی کگنگ آئل ویسے بہتر ہے کہ فش آئل سپرے بوتل میں ڈال کر سپرے کر دیں اور 10 تا 15 منٹ اون میں ٹرے میں رکھ کر نکال کر ٹھنڈا کرنے کے بعد بوری میں بھر کر رکھ لیں ۔۔۔۔ اون آپ اپنے فارم پر ایل پی جی پر چلا سکتے ہیں اور بازار میں استعمال شدہ اون بکثرت موجود ہیں ۔۔۔ اگر پھر بھی اون نا ملے تو پولی تھین بچھا کر دھوپ میں سکھا لیں آپ کی فلوٹنگ فیڈ تیار ہو جائے گی جس کی لاگت 40 تا 43 روپے آئے گی یہ بہترین فیڈ ہے اسی کو استعمال کریں تاکہ مارکیٹ میں دستیاب ریڈیو میڈ فیڈ کی قیمتوں میں کمی واقع ہو سکے ۔۔۔۔

مختلف مچھلیوں کے فلاک کا دورانیہ مختلف ہوتا ہے ۔۔۔۔ 

کارپ مچھلیاں عموماً 21 فیصد پروٹین کی فیڈ پر اگر تین انچ کی ڈالی جائیں تو پہلے دو ماہ میں 200 گرام وزن کرتی ہیں اور بعد ازاں 250 گرام ہر ماہ وزن بڑھاتی ہیں ۔۔۔۔

کیٹ فش بھی پہلے دو ماہ میں دو سو گرام وزن کرتی لیکن اس کے بعد یہ 400 گرام وزن ہر ماہ بڑھاتی ہے ۔۔

اب آ جائیں پیدا ہونے والے مبینہ مسائل اور ان کا حل ۔۔۔۔ 

جب بھی ہم خوراک کے استعمال میں بد احتیاطی کریں گے تو مسائل جنم لیں گے ۔۔۔۔ مچھلیوں کو خوراک ہمیشہ اس کے کل وزن کا 2.5٪ ہی دینا چاہیے کیونکہ اس کا جتنا معدہ ہے وہ اتنی خوراک ایک وقت میں ہضم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔۔۔ مچھلی کے پیٹ میں گائیوں بھینسوں کی مانند چار خانے نہیں ہوتے جن کو بھر کے بعد میں جگالی کر سکے اس لئے اس کو اتنی ہی خوراک دیں جتنی وہ دس منٹ میں کھا سکے ۔۔۔۔۔ کیونکہ یہ خوراک تہہ میں جا کر جمع ہو جاتی ہے اور تین دن کے بعد سڑنا شروع ہو جاتی جس کے باعث امونیا کا اخراج ہوتا ہے اور مسائل جنم لیتے ہیں مچھلیاں پانی کی سطح پر آکر سانس لینے پر مجبور ہو جاتی ہیں ۔۔۔۔ اگر تہہ میں سلج یا کچرا جمع ہو جائے تو اس کو سکشن موٹر لگا کر یا پر ڈرینج کے زریعے نکال دینا چاہیے ۔۔۔۔

بائیو فلاک میں روزانہ کی بنیاد پر پروبائیوٹک اور شیرہ ڈالنا چاہئے ۔۔۔۔ دس ہزار لیٹر کے ٹینک میں اپنا تیار شدہ بیکٹیریا ایک نہانے والا ڈونگا ضرور ڈالیں اور ایک یا ڈیڑھ لیٹر شیرہ بوتل میں ڈال کر ٹینک کے اور لٹکا دیں اور اس میں باریک سوراخ رکھیں جس میں سے قطرہ قطرہ شیرا ٹینک میں گرتا رہے ۔۔۔ شیرہ اگر ڈونگے یا جگ میں شامل کر کے ڈالیں گے تو سارا بیکٹیریا ایک دم ایکٹو ہو جائے گا جو پانی میں موجود آکسیجن کو وقتی طور پر ختم یا پھر انتہائی نچلی سطح پر لے جانے کا باعث بنے گا اس لئے بہتر ہے کہ شیرہ قطرہ قطرہ ڈالا جائے تاکہ مچھلیاں سٹریس میں آئے بغیر اپنا وزن بڑھاتی رہیں ۔۔۔۔

اگر پی ایچ لیول بڑھ جائے تو آپ اپنے پاس لسی کو محلول تیار کر کے رکھیں ۔۔۔۔۔ پندرہ لیٹر لسی تیار کریں اور اس میں ائیریشن سسٹم لگا کر چھوڑ دیں ۔۔۔۔ یہ لسی تھوڑے ہی دنوں میں کھٹی ہو جائے گی یعنی اس میں لیکٹوباسیلیس بیکٹیریا وافر مقدار میں پیدا ہو جائے گا ۔۔۔۔ اس کا ایک نہانے کا ڈونگا آپ کے ٹینک کے پی ایچ کو واپس 7.2 پر لے جائے گا ۔۔۔ اگر نا کم ہو تو ایک ڈونگا مجھ سے پوچھے بغیر اور ڈال لیں ۔۔۔۔۔

ٹی ڈی ایس بائیو فلاک کا 1500 سے 2000 تک بالکل نارمل تصور کیا جاتا ہے

بائیوفلاک ٹیکنالوجی بائیوفلاک ٹیکنالوجی Reviewed by POULTRY HUB on July 20, 2021 Rating: 5

No comments:

Powered by Blogger.